اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سحرعالمی نیٹ ورک نےالعراقیہ ٹی وی چینل کےحوالےسے رپورٹ دی ہے کہ عراقی فوج نے ان دونوں صوبوں کے بہت سے علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے- صوبۂ الانبار میں عراق کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے مشترکہ آپریشن میں دہشتگرد گروہ داعش کےدسیوں عناصرہلاک ہو گۓ ہیں۔ صوبۂ الانبار میں عراقی فوج کے آپریشنل کمانڈر میجرجنرل قاسم المحمدی نے کہا ہے کہ عراقی فوج کےجنگی طیاروں نے بری فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مدد سے پل "سالم" کے قریب داعش کا ایک اڈہ تباہ کردیا ہے۔ اس کارروائی میں دہشتگرد گروہ داعش کے متعدد دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
صوبۂ الانبار کے صدرمقام الرمادی کے مغرب میں واقع البوریشہ کےعلاقےمیں عراقی فوج کےایک خصوصی آپریشن میں بھی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے متعدد افراد ہلاک ہوگۓ ہیں۔ دوسری جانب صوبۂ الانبار میں ہی فلوجہ بیداری کونسل کے سربراہ شیخ عبدالرحمان النمراوی نے کہا ہےکہ فلوجہ میں داعش کےسرغنہ ابوخالد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ شیخ النمراوی نے العراقیہ ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا ہےکہ عراقی فوج نے فضائیہ کی مدد سے البوسودہ کےعلاقےمیں داعش کےایک ٹھکانےکو اپنےحملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجےمیں داعش کےپینتیس عناصرہلاک ہوگۓ ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اس گروہ کا سرغنہ ابوخالد بھی شامل ہے۔ صوبۂ الانبار کے البغدادی علاقے میں بھی جسے پچھلے چند روز سے داعش کے تخریبی اقدامات کے خطرے کا سامنا تھا تکفیری دہشتگرد عناصر کا مکمل طور پر صفایا کردیا گيا ہے۔ صوبۂ الانبار کے ڈپٹی گورنر علی فرحان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے البغدادی کے علاقے میں داخل ہونے کے بعد تخریب کاری کی کوشش کی لیکن عراقی فوجیوں نے بروقت کارروائي کر کے ان کی کوشش ناکام بنادی۔ صوبۂ الانبار کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ جو اطلاعات مل رہی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد گروہ داعش سرگرداں اور پریشان ہے اور یہی وہ موقع ہے جب سب کو داعش کےخلاف جنگ میں عراقی فوج کی مدد کرنی چاہۓ تاکہ لوگ اپنے گھروں کوواپس لوٹ سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲